اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی کامیاب انسدادِ منشیات کارروائی پر پی این ایس یرموک کے افسران و جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس اہم کامیابی پر پوری قوم کی جانب سے پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف قومی وقار میں اضافے کا باعث بنی بلکہ سمندری سلامتی کے عالمی مشن میں پاکستان کے فعال کردار کا بھی ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا کر پاک بحریہ نے ملک دشمن عناصر کو سخت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ عرب میں کی جانے والی یہ کامیاب کارروائی پاک بحریہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی اس مشترکہ کارروائی میں پی این ایس یرموک کا کردار قابلِ ستائش اور قومی فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں اور افسران پر ناز ہے جو دن رات ملکی سمندری سرحدوں کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی وزارت بحری امور، پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ استعداد اور آپریشنل تیاریوں کو مزید تقویت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔