اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 14ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جرات، استقامت اور قربانی کی لازوال مثال ہیں انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے مشکل ترین حالات میں بھی آمریت کے سامنے سر نہیں جھکایا اور جمہوریت کی بحالی کے لیے بے مثال ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ سحر کامران کے مطابق بیگم نصرت بھٹو کا وقار اور جدوجہد ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہے گا۔
سحر کامران نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو آزادی، انصاف اور مساوات پر یقین رکھنے والوں کے لیے روشنی کا مینار ہیں، ان کی خدمات اور حوصلہ آج بھی پاکستانی قوم، خصوصاً خواتین کے لیے تحریک کا باعث ہے انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مخلص رفیقہ اور شہید بینظیر بھٹو کی عظیم والدہ نے جبر کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا۔ سحر کامران نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہیں تاکہ جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جا سکے آخر میں سحر کامران نے کہا کہ آمریت کے خلاف بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد کو سلام، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔