نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ، پاکستان کے فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماڈل پر بریفنگ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کے وفد نے آج نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں واقع نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا دورے کے دوران وفد کو پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر اختیار کردہ فعال اور جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ این ڈی ایم اے حکام نے ادارے کے مینڈیٹ، تنظیمی ڈھانچے اور ملک بھر میں ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے مربوط نظام سے متعلق معلومات فراہم کیں شرکاء کو بتایا گیا کہ این ای او سی کے جدید مانیٹرنگ اور پیش گوئی کے نظام کے ذریعے ملک بھر کے متعلقہ اداروں کو بروقت الرٹ اور وارننگ فراہم کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں پیشگی اقدامات کیے جا سکیں۔ این ڈی ایم اے ٹیم نے مون سون 2025 کے دوران تیاری، رسک کمیونیکیشن، اور ایمرجنسی ریسپانس میں جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال اور اداروں کے باہمی ہم آہنگی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

وفد کے ارکان نے این ڈی ایم اے کے پیشگی منصوبہ بندی اور بین الادارتی رابطہ کاری کے ذریعے قومی سطح پر لچک پیدا کرنے کے فعال اقدامات کو سراہا دورہ ایک تعمیری اور باہمی مشاورتی سیشن پر اختتام پذیر ہوا جس میں شرکاء نے بلوچستان کی صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تجاویز کا تبادلہ کیا۔