لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سانحۂ مری کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عدالتِ عالیہ نے سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ پارکنگ پلازہ کا معاہدہ طے ہوا، رقم مختص کی گئی، جب سڑکیں بلاک تھیں اور ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے تھے تو اداروں نے کیا کیا؟
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پارکنگ پلازہ پر معاہدہ ہوا اس بارے میں ٹی ایم اے کو معلوم بھی ہے۔
عدالت نے کہا کہ غریب عوام کا پیسہ ہے اس کو ضائع مت کریں، ٹی ایم اے کے لیے کھڑے نہ ہوں، پاکستان کے لیے کھڑے ہوں۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ پتہ نہیں قوم کا ضمیر کب جاگے گا، سانحۂ مری کیس کلوز کر رہا ہوں، جس کا فیصلہ جلد سناؤں گا۔
عدالتِ عالیہ نے سانحۂ مری کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔