مسجد نبوی واقعہ ، شیخ رشید نے ضمانت قبل از گرفتاری کے بعد 1لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیئے

راولپنڈی (سی این پی)عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبدالعزیز کے روبرو اسلامی شعائر کی دانستہ بے حرمتی ،توہین آمیز نعرہ بازی ،مغلظات بکنے ، روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لئے آئے زائرین اورپاکستانی عمائدین کو ہراساں کرنے اور شعائر اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکنے کے مقدمہ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی منظوری کے بع دہفتہ کے روزشیخ رشید احمد نے 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ہائی کورٹ میں جمع کروا دیئے یہ مچلکے جسٹس عبدالعزیز کی عدالت میں جمع کروائے گئے شیخ رشید نے اپنے وکیل سردار عبدالرازق کے ذریعے اٹک اور فیصل آباد میں درج دونوں مقدمات کے اخراج کے لئے عدالت میں2الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیںعدالت نے جمعہ کے روزابتدائی سماعت کے بعد شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے18مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی تھی جبکہ مقدمات کے اخراج اور درخواستوں پر کاروائی روکنے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کئے تھے یادرہے کہ تھانہ نیو ایئر پورٹ پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 295-A، 295 اور296کے تحت 30اپریل کو مقدمہ نمبر84جبکہ فیصل آباد کے تھانہ مدینہ ٹاﺅن پولیس نے 30اپریل کو ہی تعزیرات پاکستان کی دفعات 295-A، 295 ،296 اور109 کے تحت دوسری ایف آئی آر نمبر798درج کی تھی جس میں شیخ رشیدکے علاوہ اس کے بھتیجے راشد شفیق سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیاتھا۔