ایمانداری اور لگن سے ملک کی خدمت کریں،ڈی جی ایف آئی اے محمد طاہر رائے کا پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب

اسلام آباد(سی این پی )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے ہلال شجاعت نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور لگن سے ملک کی خدمت کریں تاکہ ایجنسی کا نام کمایا جا سکے۔

ایف آئی اے اکیڈمی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انوسٹی گیشن) کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا جس کے ذریعے کوئی بھی ادارہ اپنے مقاصد کو آسانی سے حاصل کر سکتا ہے۔ پاکستان کی اہم تحقیقاتی ایجنسی ہونے کے ناطے، ہمیں صوبائی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر کام کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ایک انفرادی اہلکار کا رویہ ایجنسی کے اجتماعی رویہ کی نمائندگی کرتا ہے۔ لہٰذا، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنی محنت، لگن اور ایمانداری کے ذریعے محکمے کا نام روشن کریں۔

آخر میں ڈائریکٹر جنرل نے پاس آؤٹ ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو کورس کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر اطہر وحید کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے محدود وسائل کے ساتھ بین الاقوامی معیار کی صلاحیت سازی کے کورسز کے انعقاد میں لگن کا مظاہرہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کورس کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔