پیمرا کے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی مد میں سالانہ 5فیصد آمدنی جمع کرانے کے نوٹسز کیخلاف درخواست میں پیمرا کو نوٹس معطل کرنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے پیمرا کے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی مد میں سالانہ 5فیصد آمدنی بطور محصول جمع کرانے کے نوٹسز کے خلاف درخواست میں پیمرا نوٹس کو معطل کرنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران پی بی اے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہاکہ پیمرا نے13 سال کی دو ارب کے قریب رقم ٹی وی چینلز سے طلب کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے،پیمرا ٹی وی چینلز سے سالانہ فیس الگ سے وصول کرتا ہے، اشتہارات کی مد میں سالانہ پانچ فیصد آمدنی چینلز نے آج تک پیمرا کو ادا نہیں کئے،چیف جسٹس نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ پیمرا یہ رقم ٹیکس کی مد میں لے رہا ہے یا پھر کوئی فیس ہے،جس پر وکیل نے بتایاکہ پیمرا کے پاس ٹیکس لگانے کا کوئی اختیار نہیں،پیمرا کے ڈیمانڈ نوٹس کے مطابق اربوں روپے کی رقم بنتی ہے،کوئی چینل اتنی رقم دے ہی نہیں سکتا اس سے بہتر ہے چینل لے لیں،پیمرا کے وکیل نے کہاکہ 2009ءسے اب تک کسی چینل نے یہ رقم ادا نہیں کی،2019ء تک تو مختلف عدالتوں میں کیسز زیر سماعت رہے،اب پیمرا نے رقم کی وصولی کے لیے چینلز کو نوٹس جاری کیے ہیں،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت26 مئی تک کیلئےملتوی کردی۔