خصوصی عدالت نے وزیر اعظم شہباز کی جانب سے دائر کردہ منی لانڈرنگ کیس میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی جبکہ ایف آئی اے وکیل نے بھی مہلت طلب کرلی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں آج کی سماعت میں پیش نہ ہونے کی درخواست دائر کی تھی تاہم عدالت کی جانب سے ان کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل میڈیکل چیک اپ کے لیے بیرون ملک ہیں، انہیں کمر درد کا مسئلہ درپیش ہے، ہائی کورٹ نے پہلے بھی میڈیکل چیک اپ کے لیے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ آج پھر کارروائی آگے نہیں بڑھ سکے گی، شیڈول کی تاریخ اوپر نیچے کر دیتے ہیں آج معمول کی تاریخ نہیں تھی۔
اس موقع پر ایف آئی اے کے وکیل فاروق باجوہ کا کہنا تھا کہ میڈیکل گراؤنڈ پر شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن مقدمے کی کارروائی کے لیے تمام ملزمان کا عدالت موجود ہونا ضروری ہوتا ہے۔