عمران خان کیساتھ انشا اللہ کھڑے رہینگے، 21 مئی کا جلسہ راولپنڈی کی تاریخ کا مثالی جلسہ ہوگا، بشارت راجہ

راولپنڈی(سی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 14 میں پاکستان تحریک انصاف اکیس مئی کو ایک بڑا جلسہ منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت شرکت کریگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ جلسے حلقہ پی پی 14 کی تنظیم کے زیر اہتمام ہوگا اور میں خود اس کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام امور کی نگرانی کر رہا ہوں، بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ انشا اللہ یہ جلسہ راولپنڈی کی تاریخ میں کسی بھی قومی یا صوبائی اسمبلی کے ہونے والے جلسے سے سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں عوام کا سمندر شرکت کریگا،انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ پانچ چھ دن سے ذاتی طور پر اس جلسے کے کامیاب انعقاد کیلئے مہم چلارہا ہوں لوگوں سے رابطہ کر رہا ہوں ، انہیں ذاتی طور پر دعوت دے رہا ہوں اور مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ حلقے میں اس حوالے سے بہت مثبت رسپانس سامنے آیا ہے، آج لوگ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے موقف کی تائید کر رہے ہیں اور ان کے بیانیے کو لیکر چل رہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں اس وقت شدید خواہش پائی جاتی ہے کہ عمران خان اسلام آباد کیلئے کال دیں اور وہ اس میں بھرپور شرکت کریں،انشااللہ تعالیٰ حلقہ پی پی 14 کا جلسہ مثالی ہوگا اور اسلام آباد کی کال پر بھی حلقہ پی پی 14 کی جانب سے اس میں شرکت مثالی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ میں تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جلسے میں آئیں اور جو نعرہ عمران خان حقیقی آزادی اور خود مختاری کا دیا ہے اس کی بھرپور تائیداد کریں، میں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشا اللہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔بشارت راجہ کا انٹرویو سننے کیلئے لنک کو کلک کریں