مریم نواز نےاپنا گھر اپنی چھت منصوبے کا آغاز کر دیا

مریم نواز نےاپنا گھر اپنی چھت منصوبے کا آغاز کر دیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے بعض علاقوں کے لیے ‘اپنا گھر، اپنی چھت’ منصوبے کا آغاز کردیا۔

لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جس کے پاس اپنی چھت ہوتی ہے، وہ اس کی قدر کم سمجھتا ہے

لیکن جن کے پاس اپنی چھت نہیں ہے، وہ اس کی اہمیت کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ آپ کے پاس دنیا کی تمام چیزیں ہوں، لیکن اگر اپنی چھت نہ ہو تو اس کمی کا احساس ہوتا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ اسد اللہ خان نے ہماری خواہش کو حقیقت بنایا ہے۔ ان شاء اللہ ہم جلدی سے لوگوں کو گھر فراہم کریں گے۔

اگر آپ کے پاس شہری علاقوں میں ایک سے پانچ مرلے اور دیہی علاقوں میں دس مرلے کی زمین ہے، تو حکومت پنجاب آپ کو پندرہ لاکھ روپے بلاسود قرض فراہم کرے گی، جس کی ماہانہ قسط 14 ہزار روپے ہوگی۔

ابتدائی تین مہینے قسط نہیں دینی ہوگی، اس کے بعد 14 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی، جبکہ پنجاب حکومت سود کی ادائیگی کرے گی اور لوگوں کو کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ کم آمدنی والے لوگ کیسے گزارا کرتے ہیں، بجلی کے بلز میں بھی پینتالیس سے پچاس ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ اگلے سال ہم سب سے بڑا سولر پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں تاکہ بجلی کے بلز کا مسئلہ حل ہو سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر دیا گیا ہے اور پی آئی ٹی بی کے پورٹل پر بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔

اگر آپ کے پاس زمین ہے تو اپنے علاقے کے ڈی سی اور کمشنر آفس سے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ اقساط کو کرائے کے برابر رکھیں اور بہت جلد گھر بنانا شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ فی الحال یہ کچھ اضلاع میں متعارف کروائی گئی ہے، لیکن ان کا ارادہ ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں اسے پورے پنجاب میں پھیلایا جائے گا، اور تمام ڈی سیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر شعبے میں سبقت لے رہا ہے۔ لوگوں کی دوڑ لگی ہوئی ہے، اور میں روزانہ سولہ گھنٹے کام کر رہی ہوں۔ نہ تو میں خود آرام کرتی ہوں اور نہ ہی سرکاری افسران کو آرام کرنے دیتی ہوں۔ آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ پچھلے پانچ چھ ماہ کی محنت رنگ لائے گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصد میں کامیاب کرے، آمین۔