سموگ کے باعث پنجاب میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند

لاہور: پنجاب کے چار اضلاع میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل، عمران حامد شیخ نے اس فیصلے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں آج سے تمام مارکیٹس رات 8 بجے تک بند کر دی جائیں گی۔

نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان چاروں ڈویژنز میں آؤٹ ڈور فیسٹیولز اور کنسرٹس پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، تمام شاپنگ مالز، دکانیں اور ریسٹورنٹس کو جلدی بند کرنا ہوگا، اور ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی بند کر دی جائے گی۔

تاہم، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور بیکریوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اپنے گروسری سیکشن کو کھلا رکھ سکیں گے۔

یہ فیصلہ اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے، اور اس کا اطلاق 11 نومبر سے 17 نومبر تک رہے گا۔ ڈی جی ماحولیات کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسموگ کی شدت کو کم کرنا اور عوام کی صحت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔