آئی ایم ایف کا حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطیمنان کا اظہار

اسلام آباد:بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پنجاب حکومت کے مالیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے نیشنل مالیاتی معاہدے اور دیگر اہم امور پر مذاکرات میں شریک ہوئے۔

آئی ایم ایف حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب کا بجٹ دراصل سرپلس ہے، اور حکومت پنجاب کے پاس 200 ارب روپے سے زائد کی رقم موجود تھی، جسے ٹی بلز میں سرمایہ کاری کے طور پر رکھا گیا۔ اگرچہ یہ رقم حکومت پنجاب کے اکاؤنٹ میں براہ راست ظاہر نہیں ہوتی، مگر یہ حقیقتاً پنجاب کی ملکیت ہے اور اس سے بجٹ کے سرپلس ہونے کا پتہ چلتا ہے۔

آئی ایم ایف حکام کو مزید آگاہ کیا گیا کہ پنجاب کے پاس گندم کے ذخائر بھی موجود ہیں اور صوبے نے گندم کی تقریباً تمام ادائیگیاں مکمل کر لی ہیں۔ گندم کے حوالے سے صرف 125 ارب روپے کی ادائیگیاں باقی ہیں، جبکہ باقی تمام ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔ یہ گندم کے ذخائر بھی بجٹ سرپلس میں شامل کی جاتی ہیں۔