کینسر نہیں، صحت سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائی گئیں

لندن۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی تردید کردی۔لندن میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میری صحت کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی گئی ہیں اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ مجھے کینسر نہیں ہے بلکہ مجھے پیرا تھائیراڈ کی بیماری کا سامنا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میری صحت اور علاج سے متعلق مختلف وی لاگز بنائے جا رہے ہیں اور جھوٹی خبریں نشر کی جا رہی ہیں۔ مجھ سے سوال کیا جا رہا ہے کہ میں نے علاج پاکستان میں کیوں نہیں کروایا۔ میں بتانا چاہتی ہوں کہ میرا علاج ہمیشہ پاکستان میں ہی ہوتا ہے، تاہم پیرا تھائیراڈ کی بیماری کا علاج دنیا میں صرف دو ممالک، یعنی امریکا اور سوئٹزرلینڈ میں ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ان کی سرجری گزشتہ برس جنوری میں سوئٹزرلینڈ میں ہوئی تھی، اور وہ علاج کے بعد جلد ہی پاکستان واپس پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیماری کے حوالے سے بات نہیں کرنا چاہتیں تھیں، کیونکہ ان کی تربیت ایسی نہیں کہ وہ خود کو مظلوم بنا کر لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کریں، مگر جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے انہیں اس پر وضاحت دینا پڑی۔