سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کےزیر انتظام تمام ڈرائیونگ سکولز میں تاریخ میں پہلی مرتبہ لیڈی ڈرائیونگ انسٹرکٹرز تعینات

راولپنڈی. سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کےزیر انتظام تمام ڈرائیونگ سکولز میں تاریخ میں پہلی مرتبہ لیڈی ڈرائیونگ انسٹرکٹرز تعینات، چیف ٹریفک آفیسر، راولپنڈی بینش فاطمہ کے خصوصی احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس کے تمام ڈرائیونگ سکولز میں ڈرائیونگ سیکھنے کی خواہشمند خواتین کی سہولت کیلئے تاریخ میں پہلی مرتبہ لیڈی ڈرائیونگ انسٹرکٹرز تعینات کر دی گئی ہیں۔

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ خاص طور پر خواتین انسٹرکٹرز کو تعینات کرنے کا مقصد ڈرائیونگ سکولز میں داخلہ لینے والی فی میلز کو بہتر انداز میں تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پر اعتماد طور پر تربیت حاصل کر سکیں، ثقافتی طور پر حساس خواتین فی میل انسٹرکٹر ز کے ساتھ اپنے آپ کو زیادہ آرام دہ محسوس کرتی ہیں ، سی ٹی او راولپنڈی کا یہ بھی کہنا تھا کہ فی میل انسٹرکٹرز ان منفرد چیلنچز کو بہتر طور پرسمجھ سکتی ہیں جن کا خواتین کو سامنا کرنا پڑتا ہے، فی میل انسٹرکٹر زکے ساتھ زیر تربیت خواتین سوالات کرنے یا خدشات کا اظہار کرنے میں آسانی محسوس کر سکتی ہیں جس سے ایک موثر سیکھنے کا ماحول پیدا ہو گا۔

یہ طریقہ کار نہ صرف خواتین سیکھنے والوں کیلئے سود مند ہوگا بلکہ پیشہ وارانہ شعبے میں صنفی شمولیت اور خود مختاری کو بھی فروغ ملے گا۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے زیر انتظام ڈرائیونگ سکولز شہریوں کو ڈرائیونگ کی معیاری تربیت فراہم کرنے میں کوشاں ہیں جہاں مخصوص دورانیے کا ڈرائیونگ کورس صرف 5000/-روپے میں مکمل کروایا جا رہا ہے جو کسی بھی پرائیویٹ ڈرائیونگ سکول کی نسبت انتہائی کم ہے ، شہری بالخصوص خواتین زیادہ سے زیادہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا کریہاں سے ڈرائیونگ کی معیاری تربیت حاصل کر سکتےہیں۔