راولپنڈی(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی قیادت میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے راول روڈ پر واقع شہباز شریف پارک لائسنس سینٹر کی اپگریڈیشن قلیل مدت میں مکمل کر لی ہے، اس اپگریڈیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔ جدید نظام کے تحت درخواست گزاروں کو تیز رفتار اور شفاف طریقے سے خدمات میسر آئیں گی ،سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کی بچت کے لیے لائسنس سینٹر کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے نظام کے نفاذ سے لائسنس کے اجرا کے عمل میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ شکایات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا، قبل اذیں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر ٹریفک ہیڈ کوارٹرز کیساتھ ساتھ لائسنس سینٹر گوجر خان اور کینٹ(صدر) کی ا پگریڈیشن کرتے ہوئے انہیں جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ، سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔