آر ڈی اے نے پی ای سی ہاؤسنگ سکیم کاسائٹ آفس، غیر قانونی ڈویلپمنٹ، انفراسٹرکچر اور مین ہولز کو مسمار کر دیاغیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ
راولپنڈی : ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انفورسمنٹ سکواڈ کی قیادت میں ایک فیصلہ کن کارروائی میں پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) کے پارک ایریا میں غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا سائٹ آفس، غیر قانونی ڈویلپمنٹ، انفراسٹرکچر اور مین ہولز کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی ہے اور موضع کوہری کھتران اور موضع غربل راولپنڈی میں پی ای سی ہاؤسنگ سکیم کے M-Extension ، K-Extension ،C ،A اور N بلاکس کے منظور شدہ لے آؤٹ پلان (LOP) کی خلاف ورزی میں غیر قانونی پیش رفت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق یہ آپریشن اتھارٹی کی جانب سے خطے میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ پی ای سی ایچ ایس پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز اینڈ لینڈ سب ڈویژن رولز 2021 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات ،وڈویلپمنٹ اوراین او سی حاصل کیے بغیر اشتہارات کی غیر مجاز نمائش میں مصروف تھا۔ یہ آپریشن آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ بشمول اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول وانچارج انفورسمنٹ سکواڈ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، سکیم انسپکٹر اور دیگرنے متعلقہ تھانہ نصیر آباد راولپنڈی کی پولیس کے تعاون سے کیا ۔
ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے تجاوزات، غیر قانونی وغیر مجاز تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے اتھارٹی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں بلا خوف و خطر اور قانون کے مطابق کی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا ہم عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے علاقوں سے تجاوزات کو ہٹا کر اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ کسی بھی پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آرڈی اے سے مشورہ کرنا ضروری ہے، تاکہ ممکنہ قانونی اور مالیاتی رکاوٹوں سے بچا جا سکے۔