راولپنڈی (نیوز رپورٹر). ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے موضع گنگال راولپنڈی میں اولڈ ایئرپورٹ پر واقع مڈ سٹی اپارٹمنٹس میں 15 رہائشی فلیٹس اور ایک ریسٹورنٹ کو سر بمہر کر دیا ہے، یہ کاروائی رہائشی فلیٹس کو کمرشل پراپرٹیز میں غیر قانونی طور پر تبدیل کر کے استعمال کرنے کے خلاف کی گئی، فلیٹس کو آر ڈی اے کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جو کہ رہائشی زونز میں ایسی سرگرمیوں پر پابندی ہے، آر ڈی اے کی آپریشن ٹیم نے اس آپریشن کو اولڈ ایئرپورٹ تھانہ راولپنڈی پولیس کے تعاون سے عمل میں لایا۔
ڈائریکٹر لینڈ آر ڈی اے غضنفر علی اعوان کی قیادت میں آپریشن بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ فہد بھٹی، بلڈنگ سرویئر ملک عامر محمود اور دیگر نے کیا۔ یہ آپریشن زوننگ قوانین کے نفاذ اور راولپنڈی کے اندر رہائشی علاقوں کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے آرڈی اے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ آر ڈی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ شہر کے اندر جائیدادیں منظور شدہ اراضی کے استعمال اور عمارت کے ضوابط پر عمل پیرا ہوں۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا، “ہم قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں اور رہائشی املاک کو تجارتی مقاصد کے لیے غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
یہ آپریشن شہر کی منصوبہ بندی کے معیار کو برقرار رکھنے اور اس کے رہائشیوں کے لیے حفاظت اور معیار زندگی کو یقینی بنانے کی جانب ایک قدم ہے۔” عوام الناس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ تجاوزات سے پاک علاقوں کو محفوظ رکھنے میں حکام کے ساتھ تعاون کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ راولپنڈی کی سڑکیں محفوظ، قابل رسائی اور سب کے لیے خوش آئند رہیں۔