راولپنڈی (نیوز رپورٹر)چئیر پرسن وزیر اعلیٰ سرویلنس ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے آج راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے ان کا استقبال نے کیا۔ دورے کے دوران بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کو خالصہ خورد میں FWO کے کیمپ آفس میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی پیشرفت پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس منصوبے کی موجودہ پیشرفت اور حاصل شدہ سنگ میلوں کی تفصیلات فراہم کیں۔ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے جاری کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر قیادت شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں یہ منصوبہ مکمل ہونے جا رہا ہے، جو علاقے کے لیے اہم فوائد لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی کے عوام کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک اہم تحفہ ہے۔ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اس منصوبے کی تیز تکمیل کے لیے پر عزم ہیں، جو راولپنڈی میں ٹریفک کی پیچیدگیوں کو کم کرے گا اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے چئیرپرسن کو منصوبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، اور بتایا کہ 38.3 کلومیٹر راولپنڈی رنگ روڈ کا 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے آرڈی اے کی کوششوں کو سراہا اور اب تک کی گئی پیشرفت کو قابل تعریف قرار دیا۔ اس کے علاوہ، بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے راولپنڈی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقیاتی منصوبوں میں قانونی معیارات کی پیروی کرنا ضروری ہے تاکہ شہر کی ترقی منظم ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کرنے کا حکم دیا ہے اور یہ واضح کر دیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ قانونی طور پر مختص علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی درخواستوں کو مکمل دستاویزات کے ساتھ فوری طور پر نمٹایا جائے۔ ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے تصدیق کی کہ یہ اقدامات راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کو قانونی معیارات کے مطابق بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ آرڈی اے مقامی نفاذی اداروں کے تعاون سے غیر قانونی تعمیرات کو سربمہرو مسمار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ڈویلپرز اور شہریوں کو تمام ضوابط کی پیروی کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔