ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ/مڈ نائٹ اور ڈے کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پلان جاری،

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے نیو ائیر نائٹ/مڈ نائٹ اور ڈے کے موقع پر عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ، اس پلان کا مقصد شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر فراہم کرنا اور انسدادِ ون ویلنگ کے اقدامات کو موثر بنانا ہے۔ 31 اور یکم جنوری کی درمیانی شب 11 ڈی ایس پیز/ سرکل آفیسرز سمیت 113 ٹریفک افسران و ملازمان خدمات سر انجام دیں گے جبکہ پارکس کے قریب عوام الناس کی سہولت کیلئے 3 ڈی ایس پیز/سرکل آفیسرز سمیت 50 ٹریفک افسران و ملازمان تعنیات کئے گئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کی روک تھام کے لیے ایک اینٹی ون ویلنگ سکوارڈز بنا کر انہیں شہریوں کی بحفاظت نقل حمل کو یقینی بنانے پر معمور کیاگیا ہے جس میں 4 ڈی ایس پیز/ سرکل آفیسرز، 16 سینئر ٹریفک وارڈنز، 86 ٹریفک وارڈنز اور 33 ٹریفک اسسٹنٹس و سینئیر ٹریفک اسسٹنٹس سمیت کل 133 افسران و ملازمان شامل ہونگے۔ چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس نے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی شروع کر رکھی ہے، جس میں شہریوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اور ان پر عمل کرنے کے فوائد سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ سی ٹی او بینش فاطمہ نے ٹریفک سٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کی رہنمائی کریں تاکہ نیو ائیر نائٹ خوشگوار اور پرامن گزرے۔اس موقع پر سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً ٹریفک پولیس کی ھیلپ لائن 051-9274843 پر رابطہ کریں، ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی سے گریز کریں۔ والدین کو خاص طور پر تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں سے باز رکھیں تاکہ جانی نقصان اور قانونی کاروائی سے بچا جا سکے۔