نیو ایئر نائٹ کے موقع پر راولپنڈی کی سڑکوں پر محفوظ اور منظم ٹریفک کو یقینی بنانے کے لئے جدید سپیڈ کیمرے نصب

راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) نیو ایئر نائٹ کے موقع پر راولپنڈی کی سڑکوں پر محفوظ اور منظم ٹریفک کو یقینی بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے جامع اقدامات اٹھا لیے۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کے احکامات پر تیز رفتاری، زگ زیگ ڈرائیونگ، کرتب دکھانے والے ڈرائیورز اور ون ویلنگ جیسے خطرناک اور جان لیوا کھیل کی روک تھام کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں بشمول پشاور روڈ، مال روڈ، جہلم روڈ، اور اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر جدید سپیڈ کیمرے نصب کر دیۓ گئے،اسکے ساتھ ساتھ ایک خصوصی اینٹی ون ویلنگ سکواڈ بھی تشکیل دیا جا چکا ہے جو 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب موبائل پوزیشن میں رہے گا .

اور شہر بھر میں فعال رہے گا تاکہ کسی بھی خطرناک اور غیر قانونی سرگرمی کا فوری تدارک کیا جا سکے۔ سی ٹی او راولپنڈی کی طرف سے تمام ڈی ایس پیز و سرکل انچارجز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں، سی ٹی او راولپنڈی نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی بھی خطرناک یا غیر قانونی عمل سے باز رہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ ان اقدامات میں ٹریفک سٹاف کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنی حفاظت کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں ھمارا مقصد نئے سال کی خوشیوں کو سب کے لئے محفوظ بنانا ھے۔