لاہور۔۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے لیے دن رات محنت کرکے اپنے وعدے کو پورا کریں گے۔
سالِ نو کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پوری قوم کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سال پاکستان کے عوام کے لیے خوشحالی اور خوشیوں کا پیغام لے کر آئے۔ انہوں نے عوام کی خوشیوں، صحت، اور جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمیشہ دعا گو رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ نیا سال انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت تبدیلیوں اور روشن مستقبل کے آغاز کا عہد ہے۔ عوام کی خدمت، ان کی حفاظت، اور ترقی کے لیے جاری منصوبوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے نواز شریف کینسر اسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ، آٹزم اسکول، اور آئی ٹی سٹی کے منصوبوں کی تکمیل کا ارادہ دہرایا۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ سال پاکستان سے غربت، افلاس، دہشت گردی، اور جرائم کے خاتمے کا سال ہو۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں تعلیم، زراعت، توانائی، اور صحت سمیت ہر شعبے میں تاریخی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے اور مزید ترقی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2024 میں دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے تمام جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک مستحکم، روشن، اور خوشحال مستقبل کے لیے دن رات کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ مریم نواز نے دعا کی کہ 2025 کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ثابت ہو۔