راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ماہ دسمبر میں رونما ہونے والے ٹریفک حادثات کے اعدادو شمار جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی حدود میں ماہ دسمبر میں 06مہلک حادثات سٹی ایریا میں جبکہ 10حادثات دیہی علاقہ جات میں رونما ہوئے ۔ ان حادثات میں سے 8 حادثات ہیوی و پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی، تیز رفتار ی ٫ ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ کی وجہ سے رونما ہوئے ۔ ان حادثات کی وجہ سے 16 قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔ جبکہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ماہ دسمبر میں ہیوی و پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس کی چیکنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر 8 ہزار سے زائد چالان بھی کیے ، اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی طرف سے متعلقہ حکام کو ایک مراسلہ بھی تحریر کیا گیا۔ جس میں سٹی ایریا میں ہیوی وہیکلز کے داخلے کے اوقاتِ کار کی طرح دیہی ایریا کی شاہراہوں پر بھی ان کی اوقاتِ کار مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے اور قیمتی جانوں کا ضیاع بھی رک سکے ۔
اس کے علاوہ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے خصوصی احکامات پر ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں ایک 3 روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جس میں شہر بھر کے ہیوی و پبلک سروس ڈرائیورز کو حادثات کی وجوھات اور ان سے بچاؤ کی تدابیر اور ہونے والے جانی نقصانات کے متعلق آگاہی دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مہلک حادثات پر قابو پایا جاسکے۔اسکے علاوہ ماہ دسمبر میں 19 غیر مہلک حادثات میں 21 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ ان سے بچاؤ کی تدابیر کے لیے ٹریفک ایجوکیشن ونگ کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے ۔ روڈ سیفٹی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے ٹریفک قوانین سے آگاہی ان پر عمل درآمد اور شاہراہوں پر صبر وتحمل کا مظاہرہ انتہائی ضروری ھے۔