بہترین کارکردگی والے ٹریفک سٹاف میں تعریفی اسناد اورانعامات کی تقسیم ، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ

راولپنڈی ( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی طرف سے بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹریفک سٹاف میں تعریفی اسناد اورانعامات کی تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی او راولپنڈی نے گزشتہ ماہ بہترین کار کردگی دکھانے والے 3 سینئیر ٹریفک وارڈنز ، 8 ٹریفک وارڈنز اور 2 ٹریفک اسسٹنٹس کو اپنے دفتر میں مدعو کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ھوۓ انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عملے کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی خدمات کو سراہنا ہے جو عوام کی سہولت اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے انجام دی جاتی ہیں.

اس موقع پر سی ٹی او راولپنڈی کی طرف سے ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا، گذشتہ ماہ 167 مرد حضرات نے گاڑی کی ٹریننگ جبکہ 104 خواتین نے بھی سٹی ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکول سے گاڑی اور سکوٹیز چلانے کی تربیت حاصل کی، ان کا کہنا تھا کہ اس سکول کا مقصد شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرنا اور انہیں سڑک پر پیش آنے والے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے.

تقریب کے آخر میں چیف ٹریفک آفیسر بینش فاطمہ نے تمام سٹاف کو تاکید کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری حل کریں، انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ اچھے رویے سے پیش آنے سے نہ صرف پولیس کی ساکھ میں بہتری آتی ہے.

بلکہ شہریوں کو بھی قوانین پر عمل کرنے کی ترغیب ملتی ہے،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ہمیشہ عوامی خدمت اور قوانین کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے اور اپنے عملے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات کرتی رہے گی۔