بلوائیوں کو رعایت ملے گی تو بار بار 9 مئی ہوگا، عظمیٰ بخاری

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معافی کے بعد رہا ہونے والے افراد ایک بار پھر 9 مئی جیسے خیالات رکھتے ہیں۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اقدامات پر کبھی نادم نہیں ہوئے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے معصوم بچوں کو انتشاری سیاست کا ایندھن بنایا ہے اور یہ افراد معافی کے ساتھ ساتھ دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن بچوں کو فساد کا حصہ بنایا گیا ان کے والدین کی حالت قابل رحم ہے، لیکن یہی لوگ دوبارہ 9 مئی دہرانے کی بات کرتے ہیں، ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز عوامی فلاح کے لیے سرگرم عمل ہیں اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتیں۔ انہوں نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مہنگائی پر قابو پانے کے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے مہنگائی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 14 روپے فی یونٹ بجلی پر 54 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے، جبکہ عوام کو مفت سولر پینلز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایک لاکھ فری سولر پینل 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دیے جائیں گے، اور 100 یونٹ والے صارفین کو ان کی ضروریات کے مطابق سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 4.1 فیصد پر آ چکی ہے اور حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے میرٹ پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سولر پروگرام میں کسی قسم کی پارٹی بازی نہیں ہو رہی اور تمام عوام کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔