راولپنڈی (کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی میں پہلی دفعہ جدید ڈرائیونگ سمیلیٹر متعارف۔تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکول میں پہلی بار جدید ڈرائیونگ سمیلیٹر متعارف کروا دیا گیا ، یہ اقدام چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے، جنہوں نے شہریوں کو بہترین ڈرائیونگ تربیت فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا،ڈرائیونگ سمیلیٹر کے ذریعے ڈرائیونگ سیکھنے والے بغیر کسی خطرے کے مختلف حالات میں گاڑی چلانے کی پریکٹس کر سکیں گے، اس جدید سمیلیٹر سے نہ صرف ٹریفک قوانین کی آگاہی دی جائے گی بلکہ مشکل اور ہنگامی حالات میں درست ردعمل کی تربیت بھی دی جائے گی،
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے ڈرائیونگ ٹریننگ سکول کا دورہ کیا اور سمیلیٹر کا معائنہ کیا، انہوں نے اس موقع پر عملے کو ہدایت کی کہ تربیت حاصل کرنے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ محفوظ اور ماہر ڈرائیور بن سکیں،ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف ٹریفک حادثات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ عوام کو ایک محفوظ سفری ماحول فراہم کرنے میں بھی معاون ہوگا اور جدید ٹریننگ کے ذریعے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی ڈرائیونگ تربیت فراہم کی جائے گی ، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا یہ اقدام عوام میں ٹریفک قوانین کے احترام اور محفوظ ڈرائیونگ کے شعور کو فروغ دینے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کا یہ استعمال راولپنڈی کے شہریوں کو محفوظ اور خود اعتماد ڈرائیورز میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔