راولپنڈی ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

راولپنڈی ( کرائم رپورٹر) ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں آگاہی ورکشاپ کا انعقاد ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ہیڈ کوارٹرز میں پہلی دفعہ ہیوی، پبلک سروس اور ٹینکر ڈرائیورز کے لئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، سی ٹی او راولپنڈی کی جانب سے ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کو ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر خوش آمدید کہا گیا ، تقریب سے خطاب کرتے ھوۓ ان کا کہنا تھا کہ اس روڈ سیفٹی آگاہی ورکشاپ کا مقصد حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس اور ڈرائیورز کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے تا کہ سڑک پر ہر وقت رہنے والے طبقے کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور ڈرائیورز کو لائسنس کے حصول سے متعلق آگاہی دینا ھے تا کہ سفارش کے کلچر کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کے مسائل کو سننا اور ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھانا ہے.

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہراؤں پر حادثات کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی نہ ہونا ہے، ڈرائیورز کی لاپروہی اور ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے شہریوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، اس تربیتی ورکشاپ کے مقصد راولپنڈی شہر اور گردو نواح میں بڑی گاڑیوں کی وجہ سے حادثات کی روک تھام ہے کیونکہ سال 2024 کے ٹریفک حادثات کے اعدادو شمار کے مطابق شہر میں زیادہ تر حادثات کی وجہ بڑی و مال بردار گاڑیاں ہیں جوکہ انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں اور سالانہ بے شمار افراد زخمی ہوتے ہیں ، سی ٹی او بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سڑکوں پر حادثات کے باعث ایک سال میں 13 لاکھ افراد موت کا شکار ہوئے جبکہ یومیہ تین ہزار سات سو شہری زخمی ہوئے تاہم گزشتہ دو سالوں میں زخمیوں کی تعداد دس سے پچاس ملین بتائی گئی ہے اور ان حادثات کے باعث معذور ہونے والے افراد کی تعداد سالانہ دو ملین سے زائد ہے۔

سی ٹی او بینش فاطمہ نے بتایا کہ سال 2025 میں ٹریفک حادثات کو روکنے کے لئے تمام بھاری گاڑیوں،مال برداراور پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز کے لئے تربیتی ورکشاپ کےانعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا ، تقریب سے ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز،موٹروھیکل ایگزامنر کے علاوہ انچارج لائسنسنگ، انچارج چالان برانچ اورانچارج ایجوکیشن ونگ نے بھی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کیا۔ ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکاء کو بتایا کہ بھاری گاڑیاں کن وجوہات کی بناء پر حادثات کا شکار ہوتی ہیں،شرکاء کو ٹریفک اشاروں، ضروری،معلوماتی،احتیاطی نشانات کے ساتھ لائسنس،فٹنس سرٹیفکیٹس،روٹ پرمٹ کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔