لاکھوں روپے اور زیورات کی چوری مدعی کی بیٹی اور ساتھی چور نکلے

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) تھانہ سٹی پولیس کی اہم کارروائی، ایک روز قبل شہری کے گھر سے لاکھوں روپے اور زیورات چوری کی واردات کا ڈراپ سین، مدعی کی اپنی بیٹی سحر اور اس کا ساتھی فہد ہی چور نکلے، دونوں ملزمان گرفتار، 81 لاکھ روپے برآمد۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک روز قبل شہری کے گھر سے لاکھوں روپے اور زیورات چوری کی واردات کا ڈراپ سین کر دیا، مدعی کی اپنی بیٹی سحر اور اس کا ساتھی فہد ہی چور نکلے، تھانہ سٹی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتارکر لیا،ملزمان سے 81 لاکھ روپے برآمد ہوئے،ملزمہ سحر نے والد کو بتایا کہ وہ گھر میں اکیلی تھی جب ایک عورت آئی جس نے سپرے سے اسے بے ہوش کر دیا اور واردات کی، مدعی نے 15 پر ڈکیتی کی کال کی جس پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سینئر افسران کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیا،.

مدعی کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی فوٹیج، ٹیکنیکل ذرائع سے تفتیش کا آغاز کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کا ہاتھ اور سویٹر نظر آیا جسکی تحقیقات کرتے ہوئے پولیس ملزمہ تک پہنچ گئی، پولیس نے ملزمہ سحر کو شامل تفتیش کیا تو اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی سے واردات کا انکشاف کیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے 81 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے، ملزمان نے چند دنوں میں رقم لے کر بیرون ملک فرار ہونے کا بھی منصوبہ بنا رکھا تھا، ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، موثر تفتیش سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور بھاری رقم کی برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول محمدحسیب راجہ، ڈی ایس پی سٹی اظہر حسن شاہ،ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر ندیم الطاف اور تھانہ سٹی پولیس کو شاباش دی۔