سردیوں کی تعطیلات کے بعد سکولز دوبارہ کھلنے پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے خصوصی اقدامات.

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سردیوں کی تعطیلات کے بعد سکولز دوبارہ کھلنے پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے خصوصی اقدامات تفصیلات کے مطابق سردیوں کی تعطیلات کے بعد دوبارہ سکول کھلنے کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایت پر سکول وینز کی سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ٹریفک پولیس تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، سکول وینز کو قوانین کی پاسداری کا پابند بنایا جائے گا تاکہ بچوں کو محفوظ ماحول میں سکول اور گھر پہنچایا جا سکے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سکول وینز کی سیفٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جن میں اوورلوڈنگ سے اجتناب، درست نمبر پلیٹس، لائسنس یافتہ ڈرائیورز، ممنوع سلنڈرز کا استعمال اور گاڑیوں کی مکمل فٹنس شامل ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تا کہ کسی نا خوشگوار واقعے سے بچا جا سکے،اس کے علاوہ سکولز کے اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ بچوں کے سکول آنے اور جانے کے اوقات میں ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے،.

انھوں نے والدین سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے محفوظ سکول وینز استعمال کر رھے ھیں اور بچوں کو بھی ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کریں،چیف ٹریفک آفیسر نے سکول انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ والدین اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں، بالخصوص سکولز کے اطراف میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں تا کہ سکول اوپننگ اور چھٹی کے اوقات میں ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے ، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بچوں کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے، بچوں کی حفاظت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اس سلسلے میں اپنی خدمات جاری رکھے گی تاکہ حادثات سے پاک اور محفوظ شاہراہیں فراہم کی جا سکیں۔