تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں رات گئے 3 ملزمان کی پولیس پر فائرنگ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں رات گئے 3 ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک، دو فائرنگ کرتے ہوئے فرار، ہلاک ملزم کی شناخت مہر علی کے نام سے ہوئی،
پیرودھائی پولیس سنیپ چیکنگ کے لئے علاقہ میں موجود تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے چھتی قبرستان کے قریب پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی،
واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچنگ جاری، ہلاک ملزم مہر علی تھانہ سٹی اغواء و قتل کے مقدمہ میں گرفتار تھا جو گزشتہ شام تفتیش کے دوران شواہد کی برآمدگی و نشاندہی کے دوران فرار ہوگیا تھا، ملزم مہر علی اپنے خالہ زاد بھائی کے سفاکانہ قتل اور نعش کو تلف کرنے کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے مقتول کے پاس موجود رقم 45 لاکھ روپے کے حصول کے لیے اسے اپنے گھر بلا کر قتل کیا اور نعش کو سفاکانہ انداز میں تلف کر دیا تھا،


ملزم سے تفتیش کے دوران مقتول سے چھینے گئے 43 لاکھ روپے برآمد ہو چکے تھے جس سے مزید اہم شواہد کے حصول کے لئے تفتیش کی جا رہی تھی، ملزم کی نشاندہی پر مقتول کے زیر استعمال گاڑی بھی برآمد ہو چکی تھی،
نعش کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، فرار ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے.