وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ کی منظوری دیدی گئی

لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں پنجاب کی پہلی آسان کاروبار فنانس اسکیم کی منظوری شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسکیم کے لیے مفت اراضی فراہم کرنے اور تین کروڑ روپے تک بلا سود قرضے دینے کا اعلان کیا۔

کابینہ کے بائیسویں اجلاس میں دیگر اہم اقدامات بھی کیے گئے، جن میں پنجاب ہندو میرج ایکٹ، رجسٹریشن رولز 2024 کی منظوری شامل ہے۔ کاشت کاری کے شعبے میں بہتری کے لیے، مریم نواز نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے فوری اقدامات اور گنے کی پیداوار میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

اہم فیصلے:
موٹرسائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود کرنے اور تمام وہیکلز کی رجسٹریشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب میں ایک لاکھ بزنس اسٹارٹ اپس کا ہدف مقرر کیا گیا۔
ای وہیکلز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت میرٹ پر مزید طالب علموں کو شامل کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کی تعداد 40 ہزار سے بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔

پنجاب چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام کے فنڈز کو 7 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کر دیا گیا۔
اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی عدالت کے قیام کی منظوری دی گئی۔
پبلک پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلے کے لیے ایڈمیشن پالیسی کی منظوری دی گئی۔
صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سپورٹ فنڈز میں اضافہ کیا گیا۔
نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایکٹ 2024 کو بھی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ پنجاب کے کسان خوشحال ہیں اور “کسان رُل گیا” کا بیانیہ ختم ہو چکا ہے۔ اس موقع پر قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔

یہ فیصلے عوامی فلاح و بہبود، زراعت، تعلیم، صحت اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ہیں۔