راولپنڈی(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین بلال یاسین نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی قیادت میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پنجاب ہاؤس کانفرنس روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں راولپنڈی ریجن میں جاری بڑے منصوبوں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے آر ڈی اے کی جانب سے کی جانے والی مختلف اصلاحات اور منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ جن قابل ذکر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں راولپنڈی رنگ روڈ ، میٹرو کوریڈور کی بحالی کے کام کے ساتھ ساتھ لیاقت چوک مری روڈ کی بحالی اور خوبصورتی، انڈر پاس کی دیکھ بھال و بیوٹیفکیشن اور ریالٹو پارک میں اسٹریٹ لائبریری کی تعمیر شامل ہیں۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے ترقی کو آگے بڑھانے اور خطے کو تبدیل کرنے میں آر ڈی اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے راولپنڈی کے عوام کے فائدے کے لیے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر ہاءوسنگ نے کہا کہ آر ڈی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں، اور میں اس میں شامل ہر فرد پر زور دیتا ہوں کہ وہ ان اہم اقدامات کو آگے بڑھاتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ عوام الناس کو دھوکہ دہی یا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے محفوظ رکھا جائے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ راولپنڈی کے لوگ اپنے حقوق سے آگاہ ہوں اور انہیں رہائش کے جائز اختیارات تک رسائی حاصل ہو۔ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ، ڈی جی آرڈی اے ، ڈی جی پی ایچ اے ، ڈی ایم ڈی واسا اور ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ، فاٹا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے محکموں کے دیگر نمائندوں سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔