مورگاہ روڈ، گلشن آباد اور دھمیال کلیال روڈ ، 10 غیر قانونی پلازوں اور 5 گھروں کو سر بمہر کر دیا۔ کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آرڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے مورگاہ روڈ، گلشن آباد اور دھمیال کلیال روڈ راولپنڈی پر غیر مجاز رہائشی و کمرشل تعمیر شدہ و زیر تعمیر جائیدادوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران پ10 غیر قانونی پلازے اور 5 گھروں کو منظور شدہ بلڈنگ پلانز اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق جائیدادوں کے مالکان منظور شدہ بلڈنگ پلانز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے۔

آر ڈی اے کی طرف سے جاری کردہ متعدد نوٹسز کے باوجود، مالکان نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کو نظر اندازکیا اور مطلوبہ این او سی کی خلاف ورزی کی۔ اس سے قبل بھی غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے جائیداد کے مالک کو نوٹس بھیجے گئے تھے ۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری کے لیے فیسوں اور چارجز کا جائزہ لے اور ان کو لاگو کرے، جس میں آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں ایسے تمام ڈھانچوں کو ریگولرائز کرنے پر توجہ دی جائے۔ آر ڈی اے منظم شہری ترقی کو یقینی بنانے کے لیے شہر کی منصوبہ بندی اور زوننگ کے قوانین کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔