لاہور۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والے تمام مہمانوں کو اہلِ لاہور کی جانب سے خوش آمدید کہتی ہوں۔ ان کا لاہور کا دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، اور وہ اپنے وطن واپس جا کر پاکستان کے سفیر بنیں گے۔ امید ہے کہ دوست ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں کا یہ دورہ باہمی تعاون اور تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہی قلعہ لاہور میں منعقدہ ظہرانے کے دوران 16 ممالک کے ڈیفنس اتاشیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شاہی عرض گاہ کے احاطے میں مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ کی خصوصی دعوت پر مہمانوں کو شاہی قلعہ کے تاریخی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ غیر ملکی مہمانوں اور بچوں نے مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔
مہمانوں نے دنیا کی سب سے بڑی پکچر وال کا مشاہدہ کیا اور اس کی تاریخی اہمیت کو سراہا۔ انہیں لاہور کے روایتی دیسی کھانے پیش کیے گئے، جو مہمانوں کو بے حد پسند آئے۔
عراق کے ڈیفنس اتاشی کرنل احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دورہ عراق کی دعوت دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔
لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈی جی کامران لاشاری نے مہمانوں کو شاہی قلعہ کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا، جس پر مہمانوں نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
مہمانوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو سووینئر پیش کیے، جبکہ انہوں نے بھی اپنے معزز مہمانوں کو یادگاری تحائف دیے۔
ظہرانے میں شرکت کرنے والے ممالک میں امریکا، روس، جرمنی، جاپان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، میانمار، نائیجیریا، بلغاریہ، روانڈا، تاجکستان اور فلپائن کے ڈیفنس اتاشی شامل تھے۔