راولپنڈی شہر کی خوبصورتی، پبلک لائبریری کو فعال کرنے اور شہر کے آثار قدیمہ کے ورثے کے تحفظ پر زور دیا، ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کنزہ مرتضیٰ کی صدارت میں راولپنڈی شہر کو خوبصورت بنانے اور راول فاریسٹ لائبریری ( پبلک لائبریری ) کو آپریشنل بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کی ترقی اور عوامی فلاح کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ پبلک لائبریری کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے تاکہ عوام کو علم و آگاہی کے حصول میں سہولت مل سکے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ اس سلسلے میں مختلف تعلیمی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں تاکہ شہریوں کو لائبریری کی خدمات سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی شہر میں آثار قدیمہ کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہر کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ، شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے اور پبلک سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی خوبصورتی اور تاریخی ورثہ کو بچانے کے لیے محنت کی جائے تاکہ راولپنڈی کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے، جو نہ صرف اپنے شہریوں کے لیے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک قابل فخر ورثہ ہو۔ اجلاس میں پلانر نوید افتخار بھٹی ، چیف انجینئرآرڈی اےمحمد انور باران، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس محمد جنید تاج بھٹی اور دیگر نے شرکت کی۔