راولپنڈی(نیوز رپورٹر) ٹریفک کی روانی کو بڑھانے اور عوامی تحفظ کو بہتر بنانے کی ایک فعال کوشش میں، انفورسمنٹ سکواڈ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے چاکرہ روڈ پر غیر مجاز تجاوزات کا صفایا کر دیا۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر کی گئی۔ یہ اقدام سڑکوں تک بہتر رسائی، پیدل چلنے والوں کی حفاظت، اور شہر کی فضاء میں امن و سکون بحال کرنے کے لئے اٹھایا گیا۔ تھانہ نصیرآباد کی پولیس کے تعاون سے متعدد تجاوزات، غیر قانونی تعمیر شدہ شیڈز، ریٹیننگ وال، دکانوں کی باڑیں اور جھگیوں کو مسمار کر دیا گیا اور ہٹا دی گئیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں اور ممکنہ خطرات کا سدباب ہو سکے۔
ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں، جس پر زیرو ٹالرنس کا اصول اپنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بلا تعطل بہاؤ کے لیے تجاوزات کا صفایا ناگزیر ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ آپریشن شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے اور رہائشیوں کے لیے محفوظ اور قابل رسائی سڑکیں فراہم کرنے کی ایک وسیع کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی بھیڑ کا سبب بنتی ہیں بلکہ یہ عوام کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ آر ڈی اے نے شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور راولپنڈی میں رہائشیوں کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے اسی طرح کے مزید آپریشنزجاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تجاوزات سے پاک زونز کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں تاکہ راولپنڈی کی سڑکیں محفوظ، قابل رسائی اور رش سے پاک رہیں۔