راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے سائٹ آفس کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی قواعد و ضوابط کی متعدد خلاف ورزیوں اور سکیم کی عدم تعمیل کے حوالے سے عوامی شکایات کے بعد کی گئی۔ آر ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اتھارٹی عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قانونی اور ریگولیٹری معیارات کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا آر ڈی اے یہ بات یقینی بنائے گا کہ تمام ہاؤسنگ سکیمیں عوامی مفادات کے تحفظ اور شہر کے ترقیاتی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے قوانین کی پابندی کریں۔ ہم کسی بھی ایسی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کریں گے جو رہائشیوں کی حفاظت اور بہبود یا شہری ترقی کی سالمیت سے سمجھوتہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی عمارت کے ضوابط کو نافذ کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے، اور تمام ہاؤسنگ سکیموں میں جوابدہی کو برقرار رکھنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ علاقے میں ہونے والی پیش رفت کی نگرانی جاری رکھے گا، اور اگر ضروری ہوا تو کسی بھی جاری خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس آپریشن کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ منیجمنٹ مسعود ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ انفورسمنٹ انچارج علی رضا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ راجہ وقار نے کی، جنہوں نے اپنی ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ اس آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔ آر ڈی اے کا مقصد دائرہ اختیار کے اندر اہم مسائل کو حل کرنا اور منصوبہ بندی کے قائم کردہ رہنما خطوط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔