راولپنڈی(نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں عوام الناس کو پانی اور سیوریج، نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مینیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی کی جانب سے واسا راولپنڈی کے مختلف ڈائریکٹوریٹ کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی جس کے مطابق سیوریج ڈائریکٹوریٹ کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ رمضان المبارک میں مساجد کا خصوصی سروے کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سیوریج کا پانی کہیں کھڑا نہ ہو۔ تمام مین ہولز کی صفائی اور ان پر مین ہول کورز کو یقینی بنایا جائےواٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ کو دی جانے والی ہدایات کے مطابق ٹیوب ویل چلانے کے اوقات کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ مساجد میں نماز کے اوقات میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے.
تمام متعلقہ ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پانی اور سیوریج کی تمام شکایات کو بروقت حل کیا جائے ڈائریکٹر ایڈمن واسا کو خصوصی ہدایت کی گئی ہیں کہ رمضان المبارک میں تمام متعلقہ فیلڈ سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائےآخر میں ایم ڈی واسا نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ماہ مقدس رمضان المبارک میں پانی کا استعمال ضرورت کے مطابق کیا جائے اور بلا ضرورت پانی کے ضیاع سے بچا جائے تاکہ تمام شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے .