پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے شجرکاری مہم کا آغاز ، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا

راولپنڈی(نیوز رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔ اس ضمن میں پی ایچ اے کی جانب سے لیاقت باغ راولپنڈی میں شجرکاری مہم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا،پی ایچ اے افسران اور سٹاف نے بھی پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا بعد ازاں شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔واک میں ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا اور دیگر افسران نے شرکت کی.

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد کا کہنا تھا کہ جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق پی ایچ اے نے راولپنڈی میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا ہے،پورے شہر میں مختلف مقامات پر پودے لگا کر سرسبز ماحول فراہم کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جاری شدید موسمی اثرات کو درختوں اور سرسبز پودوں کی مدد سے ہی کنٹرول کیا جا سکتا ہے ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ جنگلات کے عالمی دن پر ہم شہر میں 9 ہزار پودے لگانے جا رہے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی شہر میں اس سال 81 ہزار پودے لگائیں گےاحمد حسن رانجھا نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم میں ہم سکول،کالجز اور دیگر محکموں کو بھی شامل کریں گے،رمضان بازاروں میں سٹالز لگ رہے ہیں جہاں پر پودے مفت فراہم کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں ہماری ٹیمیں جائیں گی اور ہر بچہ اپنے سکول میں ایک ایک پودا لگا کر اس شجرکاری مہم میں شامل ہو گا،ہمارا عزم ہے کہ راولپنڈی شہر کو سرسبز بنائیں اس کے علاوہ پی ایچ اے کی جانب سے شجرکاری مہم کے تحت جی ٹی روڈ،لیاقت باغ،فیض آباد،مری روڈ،علامہ اقبال پارک اور پوٹھوار سیکٹر میں ہزاروں کی تعداد میں پودے لگائے گئے.