ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، چکوال شہاب اسلم کی زیر صدارت پلس پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد

چکوال(نیوز رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، چکوال شہاب اسلم کی زیر صدارت پلس پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی، تحصیلدار چکوال سلیم مشرف ، نائب تحصیلداران چکوال، اور ریونیو فیلڈ سٹاف نے شرکت کی، میٹنگ کا بنیادی مقصد پلس پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور اس سلسلے میں درپیش چیلنجز کو حل کرنے کیلئے موثر اقدامات پر غور کرنا تھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے میٹنگ کے دوران تحصیل چکوال میں پراجیکٹ کی سست روی پر گہرے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ کھیوٹ کی تقسیم کے عمل کو مزید تیز کیا جائے.

مزید برآں انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو مانیٹر کر رہا ہوں ایک ہفتے بعد دوبارہ میٹنگ کا انعقاد کیا جاۓ گا اگر کارکردگی کو بہتر نہ کیا گیا تو ریونیو فیلڈ سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے نبھائیں اور پراجیکٹ کے ہر مرحلے پر خصوصی توجہ دیں،یہ میٹنگ پلس پراجیکٹ کے تحت ہونے والے مشترکہ کھاتہ جات کی تقسیم کے عمل کی نگرانی اور اس کی رفتار کو بہتر بنانے کے لیے منعقد کی گئی تھی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ریونیو عملہ کو ہدایت دی کہ حکومت کی جانب سے جاری پلس پراجیکٹ کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے، اور اس سلسلے میں ہر سطح پر عوام کو آگاہی فراہم کریں اور انکے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔