راولپنڈی(نیوز رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شجرکاری مہم زور و شور سے جاری ہے،اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی ہدایات کی روشنی میں علامہ اقبال پارک میں ایک شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا.
تقریب کے مہمانِ خصوصی چئیرمین وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس سینیٹر ناصر محمود بٹ تھے،ان کے ساتھ فوکل پرسن برائے چئیرمین وزارتِ ہاوسنگ اینڈ ورکس شعیب محمود بٹ،رہنما مسلم لیگ (ن) سجاد خان اور شیخ ارسلان کے ساتھ دیگر نے شرکت کی،پی ایچ اے کی جانب سے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر شیخ طارق محمود نے شرکت کی.
سینیٹر ناصر محمود بٹ اور دیگر نے پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا،اس موقع پر معزز مہمان سینیٹر ناصر محمود بٹ کا کہنا تھا کہ ماحولیات کو عوام دوست بنانے کے لئے درخت لگانا ایک قومی فریضہ ہے،ہمیں اپنے علاقوں ،شہروں ،گلی محلوں کو آلودگی سے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے شجرکاری کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے.
انکا مزید کہنا تھا کہ شجرکاری کے فروغ اور سرسبز ماحول کو پروان چڑھانے کے لئے پی ایچ اے راولپنڈی کا کردار قابلِ تحسین ہے،عوام کو چاہیئے کہ وہ پی ایچ اے کی شجرکاری مہم میں شانہ بشانہ حصہ لیں اور سرسبز راولپنڈی کے عزم کو آگے لے کر چلیں.