راولپنڈی(نیوز رپورٹر) آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے چار غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور ایک لینڈ سب ڈویژن جن میں ارورہ ہاؤسنگ سکیم، الخان انکلیو (توسیع)، خواص ٹاؤن، واہ ہلز اینڈ لینڈ سب ڈویژن (ثاقب تنولی، عابد نواز قریشی) شامل ہیں، جو موضع لیب ٹھٹھو، نیکو، بجاڑ اور پنڈ بھوٹی، تحصیل ٹیکسلا اور ضلع راولپنڈی میں واقع ہیں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک اہم آپریشن کیا آر ڈی اے ترجمان کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں ان غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے روڈ انفراسٹرکچرز، مین ہولز، اشتہاری بورڈ، بجلی کے کھمبے، سائن بورڈ، کرب سٹونز اور فٹ پاتھ کو مسمار کر دیا و ہٹا دیا گیا ہے.
کریک ڈاؤن کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے کی، جنہوں نے دھوکہ دہی کے طریقوں سے نمٹنے اور شہریوں کو استحصال سے بچانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی رہنمائی میں ہم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خاتمے کے لیے مضبوط انداز اپنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہاؤسنگ سکیم مالکان کی جانب سے زمینوں پر ناجائز قبضوں سے متعلق عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور زمینوں پر زبردستی قبضے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ٹاسک فورس نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔اس کے علاوہ عوام الناس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ (www.rda.gop.pk) پر چیک کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔ غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈیویلپمنٹ کو روکنے کے لیے سابقہ وارننگ کے باوجود مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بکنگ دفاتر کا کام جاری رکھا ہوا تھا۔ آپریشن ٹیم میں ڈائریکٹر لینڈ ملک غضنفر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ محمد سمیع اللہ نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن افتخار علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مہوش نسیم، آر ڈی اے سکیم انسپکٹرز اور ٹیم کے دیگر ارکان شامل تھے۔