راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے یو سی 15 سراجیہ پارک میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا،مقامی سکول کے بچوں،اساتذہ اور دیگر معزز شخصیات نے مہم میں بھرپور حصہ لیا۔اساتذہ اور بچوں نے خوب دلچسپی سے سراجیہ پارک میں پودے لگا کر پی ایچ اے کے کلین اینڈ گرین مشن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچراتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر شہر میں شجر کاری مہم زور وشور سے جاری ہے۔سکولز ، کالجز اور یونیورسٹی طلبا ء و طالبات کو شجر کاری مہم میں شامل کیا جارہاہےتاکہ عوام میں شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔مقامی سکول کے اساتذہ اور بچوں نے پی ایچ اے کی سراجیہ پارک میں شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو جس احسن انداز میں اس صحت مندانہ سرگرمی میں شامل کیا گیا ہے یہ مثبت اقدام ہے اور شجر کاری کے شہر کے موسم پر مثبت اثرات مرتب ہونگے.
سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے سکول سمیت گھروں، گلی اور محلوں میں شجرکاری مہم میں حصہ لینے کا عزم کیا ، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں یہ ہی پاکستان کو ترقی کی تمام منازل طے کروا سکتے ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ درخت اور پودے انسانوں اور جانوروں کی زندگی کیلئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں، ہم نوجوان نسل کو شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں گے،اور درخت لگانے،ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی تلقین بھی کرتے رہیں گے،اسکول کے بچوں نے مستقبل میں بھی پی ایچ اے کی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا.