راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر شہر بھر میں انسدادِ تجاوزات مہم کے سلسلے میں اہم کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق، انفورسمنٹ اسکواڈ نے سیدپور ہاؤسنگ سکیم میں دو پلاٹ نمبر 11 اور 12، مجموعی رقبہ 11.4 مرلہ پر سے غیر قانونی قبضہ ختم کر کے انہیں واگزار کرا لیا ہے۔ یہ آپریشن آر ڈی اے کی زمین کے مؤثر انتظام اور شہری ترقی میں شفافیت و قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور کارروائی میں اڈیالہ روڈ پر واقع گرینڈ پیرل مارکی کو بلڈنگ بائی لاز اور زمین کے استعمال کے ضوابط کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے بلڈنگ کنٹرول ونگ، اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ اور انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت دی ہے کہ راولپنڈی میں آر ڈی اے کے دائرہ کار میں آنے والے تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات راولپنڈی کی پائیدار ترقی اور شہری نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کو تحفظ دیا جا سکے۔
انسداد تجاوزات مہم میں حصہ لینے والے ٹیم ممبران میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ شہزاد گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ مسعود ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد شعیب خان، بلڈنگ انسپکٹر شہزاد محمود، بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک اور دیگر عملہ شامل تھے۔ انہوں نے کہا ڈی جی آر ڈی اے کی زیر قیادت یہ مہم جاری رہے گی تاکہ راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کر کے شہر کو صاف، محفوظ اور منظم بنایا جا سکے.