راولپنڈی (نیوز رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سلطان باجوہ نے راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے اویس منظور تارڑ اور ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس آرڈی اے قاضی صہیب احمد نے ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کی جانب سے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران پارلیمانی سیکرٹری سلطان باجوہ نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کا معائنہ کیا اور اسے عوام الناس کے لیے ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے انہیں بتایا کہ بی ایف سی شہریوں کو فائل جمع کرانے، جائیداد کی منتقلی اور اسٹیٹ و رہائشی منصوبہ جات کی منظوری کے لیے ون ونڈو سروس فراہم کرتا ہے۔
اس جدید ترین آئی ٹی سیٹ اپ کی بدولت شہری اپنی فائلوں کو آن لائن ٹریک اور پروسیس کر سکتے ہیں اور اپنی سہولت کے مطابق این او سی گھر پر یا دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے بی ایف سی کی کارکردگی اور کلائنٹ فرینڈلی ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آر ڈی اے راولپنڈی کو خوبصورت بنانے اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے۔ دورے کے اختتام پر ڈی جی آر ڈی اے نے پارلیمانی سیکرٹری کو ادارے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔