راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان زندہ باد ریلی کی قیادت کی، جو صدر میٹرو اسٹیشن سے روانہ ہو کر، چلتے چلتے فیض آباد میٹرو اسٹیشن تک پہنچی۔ اس ریلی کے دوران وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے اپنے کارکنوں کے ساتھ سفر کیا، کبھی موٹر سائیکل پر تو کبھی پیڈل مارچ کے ذریعے اس ریلی کا حصہ بنے۔ اس دوران مختلف مقامات پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے، انہوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے اور ملک کی دفاعی قوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس دوران انہوں نے پاکستان کی فوج کے عزم کو سلام پیش کیا، جنہوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے فیض آباد پہنچ کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چند اہم نکات بیان کیے ،پاکستان زندہ باد ریلی کا مقصد پاکستان فوج کی قربانیوں اور بہادری کو سراہنا ہے۔ آج پورا پاکستان خوشی سے جھوم اٹھا ہے اور جشن منا رہا ہے۔ یہ ریلی فوج کے عزم اور وطن کی حفاظت کے لیے ان کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ عوام کا عزم اور اتحاد واضح کرتا ہے کہ پاکستان کی ہر مسلح فورس اور شہری اپنے ملک کی حفاظت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ اس ریلی میں شریک افراد نے پاکستان کی فوج کے شجاعانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کیا اور قوم کے اندر دفاعی قوتوں کے لیے محبت اور احترام کا جذبہ بڑھایا.
وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کے لوگوں نے آج یہ فرض سمجھ کر پاکستان کی فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیشہ سے ہی راولپنڈی کی عوام نے جس جوش اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے پاکستان کی فوج کی کامیابی پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی، اور کہا کہ یہ ہماری مشترکہ فتح ہے۔ ہمارے شاہینوں نے انڈیا کے جہازوں کا آسمانوں میں استقبال کیا اور اپنے وطن عزیز کی خاطر دن دہاڑے انڈیا کے ایئربیسز کو، انکے گھر میں گھس کر تباہ کر دیا۔ مزید انہوں نے کہا کہ آج حنیف عباسی اکیلا نہیں نکلا ، بلکہ میرے ساتھ ساتھ تاجروں، عام لوگوں، اور سیاستدانوں نے اس ریلی میں بھرپور شرکت کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کا ہر طبقہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے ایک ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی جرات اور قابلیت کو سلام پیش کرتے ہوے کہا کے ہمارے فوج دنیا کی بہترین فوج میں سے ہے۔ ہم انکی قربانیوں کو سراہتے ہیں ، جنہوں نے بھارت کی چوکیوں کو تباہ کر کے دشمن کو جھکنے پر مجبور کیا۔ہم نے ابھی تک صرف اپنے دفاع میں قدم اٹھایا ہے، ہم نے ابھی حملہ نہیں کیا، ہم اپنے وطن کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں اپنی فوج پر اور حکومت پر فخر ہے جو ہماری حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قوم کو مزید یقین دلایا کہ پاکستان کی فوج کی موجودگی ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے کافی ہے، اور ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔ ہمارے جوان جب سرحدوں پے جاگتے ہیں، تبھی ہم سکوں کی نیند کر رہے ہوتے ہیں۔ ریلی کے دوران وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی بلند کیے اور اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ریلی صرف ایک علامت ہے کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ اپنے ملک کی سالمیت اور امن کے لیے متحد رہیں گے۔