وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی سے ملاقات

اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ریلوے، محمد حنیف عباسی نے چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے توانائی اور ریلوے کے شعبوں میں تاریخی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اور چیئرمین واپڈا نے دونوں اداروں کے درمیان قریبی رابطہ قائم کرنے اور پائیدار، موثر شراکت داری کے قیام پر زور دیا تاکہ پاکستان کے توانائی اور انفراسٹرکچر کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے اور واپڈا کا تعاون ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں اداروں کے درمیان بہتر تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے وسائل اور تجربات کو یکجا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون پاکستان کی انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ، چیئرمین واپڈا انجینئر سجاد غنی نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل اور توانائی کی ترسیل میں بہتری کے لیے واپڈا ریلوے کے ساتھ نئے منصوبوں پر کام کرے گا۔اس ملاقات کے ذریعے دونوں اداروں نے پاکستان کی ترقی کے لیے ایک نئی سمت کی نشاندہی کی ہے جس سے نہ صرف توانائی کی ترسیل میں بہتری آئے گی بلکہ ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں نئے اور کامیاب منصوبے شروع ہوں گے.