راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)بھارت کو فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور عرض پاک کے دفاع کے لئے کامیاب آپریشن “بنیان مرصوص” کو سرانجام دینے کے حوالے سے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے اور یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے یومِ تشکر منایا گیا.
یومِ تشکر کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا،جلسے میں سول سوسائٹی،پاکستان سویٹ ہوم کے بچے،تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی.
تقریب میں لیفٹنینٹ جنرل (ر) عبدالقیوم،ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب،آر سی سی آئی کے پریذیڈنٹ عثمان شوکت،کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ،آر ڈی اے کی ڈی جی کنزہ مرتضی،پی ایچ اے راولپنڈی کے ڈی جی احمد حسن رانجھا پاکستان سویٹ ہوم کے روح رواں زمرد خان اور دیگر نے شرکت کی.
جلسے کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا،اور بعد ازں مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں پاک افواج کی بہادری اور شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا،مقررین کا کہنا تھا کہ پاک افواج کی جواں مردی کی بدولت بھارت جیسے بزدل دشمن کو زیر کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی،قوم پاک افواج کو سلام پیش کرتی ہے،اس اجتماع میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی.
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے. جلسے کے شاندار انتظامات کئے گئے،خصوصی طور پر ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر لیاقت باغ کے شاندار انتظامات کئے گئے تھے،عوام نے بھرپور جوش و جذبے سے پاک افواج کو کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر خراج عقیدت پیش کیا،افواج کے حق میں بلند و بانگ نعرے بھی لگائے گئے،جلسہ گاہ میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار کا منظر دلکش نظر آ رہا تھا.