ملتان (سٹٍاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے ریلوے جناب محمد حنیف عباسی کی ہدایات پر ریلوے ملتان ڈویژن نے ناجائز قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے فورٹ عباس ریلوے اسٹیشن (فورٹ عباس – بہاول نگر بند سیکشن) کے قریب 2 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی ریلوے زمین واگزار کروائی ہے۔ڈی ایس ریلوے ملتان ذوالفقار علی شیخ کی سربراہی میں یہ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا جس میں ریلوے پولیس، ریلوے ملازمین، اور متعلقہ اہلکاروں نے بھرپور حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران 4 عدد کمرشل پلاٹ جن پر ٹف ٹائل اور پکی سولنگ نصب تھی، انہیں ہٹایا گیا اور 4 کنال کمرشل اراضی واگزار کروائی گئی۔ اس کے علاوہ چھپر، تھڑے اور پکا اینٹوں کا بھٹہ سمیت کل ساڑھے پانچ کنال کمرشل زمین بھی قبضہ مافیا سے واپس حاصل کی گئی۔
ڈی ایس ریلوے ملتان ذوالفقار علی شیخ نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں قبضہ مافیا کے خلاف جاری زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ہر ایک انچ ریلوے زمین کو واگزار کرانے کے لیے بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ ریلوے کی پراپرٹی کو محفوظ بنایا جا سکے۔یہ کامیاب آپریشن وفاقی وزیر ریلوے کی سخت ہدایات اور ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خاتمے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے.