رحمان آباد سیکٹر کی گرین بیلٹ پر پلانٹرز کی تنصیب،سرسبز پودوں سے سجاوٹ،ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی سجاوٹ، خوبصورتی اور عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر پی ایچ اے کی جانب سے شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کے تمام سیکٹرز پر سجاوٹ اور موسمی پھولوں کی کاشت کا کام زور وشور سے جاری ہے،
مری روڈ کے رحمان آباد سیکٹر کی گرین بیلٹ پر خوبصورت پلانٹرز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے،اس کے ساتھ 6th روڈ فلائی اوور کے نیچے کی جگہ کو بھی ہارٹیکلچر کے کام کے لئے استعمال میں لایا جا رہا ہے،پلانٹرز میں سرسبز پودے ،پھول لگائے گئے ہیں،جو گرین بیلٹ پر رکھے گئے ہیں.

پلانٹرز کی سجاوٹ راہگیروں کی آنکھوں کو فرحت کا احساس دلاتی ہے،مری روڈ کے تمام سیکٹرز پر رنگ برنگے ،سرسبز موسمی پھولوں پودوں کی خوبصورت بہار دکھائی دیتی ہے،جو مرکزی شاہراہ کی دیدہ زیبی میں اضافہ کرتی ہے،
رحمان آباد کی گرین بیلٹ پر رکھے پلانٹرز کی سجاوٹ،دل کو موہ لینے والے خوبصورت پودے اور سرسبز مناظر عوام کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں،ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر مری روڈ کی خوبصورتی کو اپ لفٹ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں،اس کے علاوہ پی ایچ اے کا عملہ نہایت مستعدی سے ہارٹیکلچر کا کام اور پھول پودوں کی نگہداشت کا کام بھی سرانجام دے رہا ہے،ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اور تفریح کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے،راولپنڈی کو خوبصورت اور سرسبز بنانے اور عوام کو ایک اچھا تفریحی ماحول فراہم کرنے کےلئے پی ایچ اے مصروفِ عمل ہے.