ٹیکسلا-حویلیاں سیکشن پر واقع ریلوے اراضی سے غیر قانونی قبضے کے خلاف مؤثر انسداد تجاوزات آپریشن کامیابی سے مکمل

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان ریلوے، راولپنڈی ڈویژن نے آج ٹیکسلا-حویلیاں سیکشن پر واقع ریلوے اراضی سے غیر قانونی قبضے کے خلاف مؤثر انسداد تجاوزات آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ کارروائی پراپرٹی اینڈ لینڈ برانچ راولپنڈی اور اسسٹنٹ انسپکٹر آف ورکس/ٹیکسلا کی زیر نگرانی اور ریلوے پولیس کی معاونت سے کی گئی۔آپریشن کے دوران ہری پور اور سرائے صالح اسٹیشنز کے درمیان ریلوے کی کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرایا گیا۔ واگزار شدہ زمین پر مختلف اقسام کی پکی تعمیرات کی گئی تھیں جن میں گھر، دکانیں اور دیواریں شامل تھیں۔

یہ آپریشن ریلوے کی پالیسی کے مطابق بغیر کسی دباؤ اور امتیاز کے انجام دیا گیا۔ آپریشن سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور مقامی انتظامیہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد ریلوے کی قیمتی اراضی کو محفوظ بنانا اور آئندہ کسی بھی قسم کی تجاوزات کو روکنا ہے۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ریلوے کی زمین پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات یا قبضے سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی.